نئی دہلی، 15؍جون(ایس ا ونیوز/آئی این ایس انڈیا )آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس )نے میڈیکل کورس میں داخلہ امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔امتحان میں جن امیدواروں نے حصہ لیا تھا وہ اپنے نتائج ایمس کی آفیشیل ویب ساٹ aiimsexams.orgپر جاکر دیکھ سکتے ہیں۔اس امتحان میں کوٹہ میں واقع ایلن کیریئر انسٹی ٹیوٹ آف کوٹہ میں پڑھنے والی گجرات کی 18سالہ نشیتا پروہت نے ٹاپ کیا ہے۔ قومی سطح کی باسکٹ بال کھلاڑی نشیتا نے اس سال 12ویں بورڈ میں 91.4فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ایلن انسٹی ٹیوٹ آف کوٹہ نے دعوی کیا ہے کہ آل انڈیا ٹاپ 10میرٹ لسٹ میں ان کے 8 طلباء نے جگہ بنائی ہے۔ایمس انٹرینس ایگزامنیشن فار ایم بی بی ایس کورس 2017کا انعقاد ایمس دہلی، پٹنہ، بھوپال، بھونیشور، رشی کیش اور رائے پور کے میڈیکل کورس میں ایڈمشن کے لیے کیا گیا تھا۔ایمس ایم بی بیایس 2017کے لیے داخلہ امتحان کا انعقاد دو سیشن میں ملک بھر کے مختلف مراکز پر 28؍مئی کو ہوا تھا۔اس بار کے رزلٹ میں جنرل زمرے کے امیدواروں کے لیے کم از کم کٹ آف 50فیصد، او بی سی کے لیے 45اور ایس سی، ایس ٹی کے لیے 40فیصد رہا ۔